بنگلورو،3؍اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاست کے جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے آج دعویٰ کیا کہ اگلے انتخابات میں ریاست میں کانگریس کا خاتمہ ہوجائے گا اور ریاست میں جنتادل (ایس) اقتدار پر آئے گی ۔
ہاسن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس حکومت نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران ترقی کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں۔ 12؍ مئی کو ریاستی عوام کانگریس سے اس کا حساب ضرور لیں گے۔
وزیر اعلیٰ سدرامیا کے اس بیان پر کہ چامنڈیشوری اسمبلی حلقے سے انہیں ہرانا ناممکن ہے۔ بحیثیت وزیراعلیٰ سدرامیا نے چامنڈیشوری حلقہ کے لئے ایسا کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے یہاں کے عوام انہیں ووٹ دیں۔ ورونا اسمبلی حلقے سے سدرامیا کے فرزند ڈاکٹر یتیندرا اور ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے فرزند وجیندرا کے آمنے سامنے ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ان دونوں نے ورونا اسمبلی حلقے کے لئے کچھ نہیں کیا ہے، صرف عوام کو فریب دے کر اقتدار تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا پر نکتہ چینی کا جواب دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ کانگریس بالخصوص سدرامیا کی طرف سے دیوے گوڈا پر جتنی نکتہ چینی کی جائے گی، جنتا دل (ایس ) اتنی ہی زیادہ مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ جنتادل (ایس) پر خاندانی سیاست کا الزام لگانے والے بی جے پی اور کانگریس لیڈران آج اسی خاندانی سیاست کو آگے بڑھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ ریاست کے بیشتر حلقوں میں وزیر اعلیٰ سمیت وزراء کے بچوں کو انتخابی میدان میں اتارا جارہاہے۔ یہ خاندانی سیاست نہیں تو اور کیا ہے؟۔ ہاسن میں جنتادل (ایس) کی ریلی کو کامیاب اور یادگار قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ پارٹی اپنے قلعے میں کتنی مضبوط ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1994 کے اسمبلی انتخابات میں ویرپا موئیلی حکومت کا خاتمہ ہوا اور اس وقت کانگریس کو صرف 39 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بدترین ہار کامنہ دیکھنا پڑا۔ آنے والے انتخابات میں کانگریس کی حالت اس سے بھی بدتر ہونے والی ہے۔ پچھلے پانچ دنوں سے سدرامیا کی طرف سے چامنڈیشوری حلقے میں انتخابی مہم چلائے جانے پر طنز کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ایک ریاست کا وزیر اعلیٰ پوری ریاست کو چھوڑ کر اپنے حلقے میں اگر انتخابی مہم چلانے بیٹھے تو یہ اس کے خوف کا مظہر ہے۔وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے کسانوں کے قرضے کی معافی کے متعلق دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ 8500 کروڑکے نہیں بلکہ صرف 1500 کروڑ روپیوں کے قرضے معاف کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ اس بار جنتادل (ایس) کو25سیٹوں تک محدود رکھنے وزیراعلیٰ سدرامیا کے دعوے کو جھٹلایا جائے گا،اور جنتادل (ایس) 113سے زیادہ پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست کے اقتدار پر قابض ہوگی۔